نئی دہلی ، 20 مارچ (یواین آئی ) قومی دارالحکومت میں کورونا وائرس کا قہر دوبارہ بڑھتا جا رہا ہے ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ 19 کے 813 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ اس وائرس کے انفیکشن سے مزید دو افرا کی موت ہو گئی ۔ دارالحکومت میں کورونا کیسز کی ایک دن میں اس سال کی اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
سرکاری ذرائع نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کے 813 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد دارالحکومت میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 6،47،161 ہوگئی جبکہ مزید دو مریضوں کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد 10،955 پہنچ گئی ہے ۔
ہیلتھ بلیٹن کے مطابق
پچھلے ایک دن میں 75،888 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے ۔ دارالحکومت میں شفایابی کی شرح 97.78 فیصد ہے جبکہ شہر میں فی الحال متاثر ہونے والوں کی شرح 4.71 فیصد ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فی الوقت 1722 کورونا مریض ہوم آئیسو لیشن میں ہیں ، جن میں کورونا کی علامات نہیں پائی گئیں یا پھر بہت معمولی علامات ہیں ۔ دہلی میں ہوم آئیسو لیشن مریضوں سمیت کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 3409 ہوگئی ہے ۔ دارالحکومت میں ممنوعہ علاقوں کی تعداد بھی آج بڑھ کر 712 ہوگئی ہے۔ دارالحکومت کے محکمہ صحت نے کہا کہ مرکزی چیف سکریٹری کی سربراہی میں دارالحکومت میں کورونا کی صورتحال کے سلسلے میں جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی ۔