حیدرآباد، 18 جنوری(راست) ریاست میں نئے راشن کارڈز کی اجرائی کا عمل چند دنوں میں شروع ہوگا۔سرکاری ذرائع کے مطابق ریاست بھر میں 6.68 لاکھ خاندانوں کو نئے کارڈز کے لئے ابتدائی طور پر اہل قرار دیا گیا ہے۔ اس فہرست کو ریاست کے 33 اضلاع میں بھیج دیا گیا ہے۔ 20 سے 24 جنوری چار دنوں تک ریاست بھر میں ہر گرام پنچایت اور بلدیات اور کارپوریشنوں کی بستیوں میں اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔جس میں اعتراضات حاصل کرنے کے بعد حتمی فہرست تیار کی جائے گی۔ ضلع کلکٹرس کے ذریعے آنے والی فہرست کی بنیاد پر محکمہ
سیول سپلائیز کارڈز جاری کرے گا، جس کی تقسیم کا آغاز 26 جنوری سے ہوگا۔گزشتہ سال نومبر میں کئے گئے جامع ذات پات پر مبنی خاندانی سروے کی بنیاد پر یہ فہرست تیار کی گئی ہے۔ اس سروے میں ایسے افراد کے تفصیلات حاصل کی گئیں جو راشن کارڈ سے محروم تھے۔ ان افراد کے ساتھ ساتھ جنہوں نے نئے کارڈز کے لئے درخواست دی تھی یا موجودہ کارڈ میں نام درج کرانے کے لیے درخواست دی تھی ، ان کا ڈیٹا مرتب کیا گیا۔ اس عمل کے بعد ابتدائی طور پر 6,68,309 خاندانوں کو نئے راشن کارڈز کے لئے اہل قرار دیا گیا، جن میں مجموعی طور پر 11,65,052 افراد شامل ہیں