نئی دہلی،3ستمبر(ایجنسی) ملک میں یکم ستمبر سے ٹرانسپورٹ کے نئے ضابطوں کا نفاذ عمل میں آگیا ہے۔ اب ٹرانسپورٹ (نقل و حمل) کے ضابطوں کی خلاف ورزی کرنا کتنا بھاری پڑ سکتا ہے وہ اس خبر سے سمجھا جا سکتا ہے۔ مشرقی دہلی کے گیتا کالونی میں رہنے والے دنیش مدان نامی شخص کا ٹرانسپورٹ کے ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے کےنتیجے میں گروگرام میں چالان کٹا۔ چالان کی رقم جتنی ہے اتنی تو اس کی اسکوٹی کی قیمت بھی نہیں ہوگی۔
گیتا کالونی میں رہنے والے دنیش دہلی سے متصل گروگرام (گڑگاؤں) گئے تھے۔ وہاں ان کا چالان کٹ گیا۔ چالان گروگرام کے ضلع عدالت کے پاس ہوا ہے۔ مختلف ضابطوں کی خلاف
ورزی کے معاملوں میں کل 23 ہزار روپیے کا چالان کیا گیا۔ دنیش دوپہیہ تو چلا رہا تھا مگر اس کے پاس نہ تو لائسنس تھا، نہ ہی گاڑی کے رجسٹریشن کے مصدقہ کاغذات (آر سی)،اور نہ ہی بیمہ کے کاغذات تھے۔ علاوہ ازیں پولیوشن سے متعلق مصدقہ کاغذات بھی نہیں تھے۔ ان تمام پر طرہ یہ کہ دنیش نے ہیلمیٹ بھی نہیں پہنا ہوا تھا۔
نئے ضابطوں کے مطابق بغیر لائسنس اور آر سی نہ ہونے کے پانچ پانچ ہزار روپیے، گاڑی بیمہ نہ ہونے کے دو ہزار اور ماحولیات کے مصدقہ کاغذات نہ ہونے کے 10 ہزارروپیے کا چالان کیا گیا ہے۔ بغیر ہیلمیٹ کا چالان ایک ہزار روپیے کا ہے اور اس طرح کل 23 ہزار روپئے کا چالان ہوا ہے۔