نئی دہلی/23مئی(ایجنسی) کانگریس نے آج الزام لگایا کہ مودی حکومت نے اپنے دور اقتدار میں اب تک صرف باتیں ہی کی ہیں اور عوام سے کیا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا اس لئے پارٹی بھارتیہ جنتا پارٹی کے چار برس پورے ہونے پر پر 26مئی کو پورے ملک میں "وشواس گھات دیوس" کے طورپر منائے گی۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری اشوک گہلوت اور محکمہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ خصوصی پریس کانفرنس میں کہاکہ مودی حکومت کی چار برس کی ناکامیوں کا پردہ فاش کرنے کے لئے پارٹی کے سینئر لیڈر اور کارکن 26مئی کو تمام ریاستی ہیڈکوارٹر وں
اور اضلاع میں یوم اعتماد شکنی کے طورپر منائیں گے اور مظاہرہ کریں گے۔ اس دوران ریاستوں کی راجدھانیوں میں پارٹی کے سینئر لیڈر پریس کانفرنس بھی کریں گے اور مودی حکومت کی اصلیت عوام کے سامنے رکھیں گے۔
مسٹر گہلوت اور مسٹر سرجے والا نے اس دوران ایک "وشواس گھات ۔چار سال میں صرف بات ہی بات" نام سے ایک پوسٹر بھی جاری کیا اور کہاکہ اقتدار میں آنے سے پہلے بی جے پی نے لوگوں میں زبردست امید پیدا کی اور یہ یقین دلایا تھا کہ ان کی حکومت بننے کے بعد سب کے اچھے دن آئیں گے لیکن مودی حکومت نے اس کے ٹھیک برعکس کام کرتے ہوئے پورے ملک میں خوف اور غیریقینی کا ماحول پیدا کیا ہے۔