کویت سٹی۔ کویت میں 2 بسوں میں تصادم کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک جب کہ 3 زخمی ہو گئے۔ غیر ملکی خبررساں ادارہ کے مطابق کویت کے جنوبی علاقے میں برجان آئل فیلڈ کے قریب 2 بسوں میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے۔ بسیں آئل کمپنی کے ملازمین کو لے کر جا رہی تھیں جبکہ حادثے کے نتیجے میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں 7 ہندوستانی، 5 مصری اور 3 پاکستانی شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں میں 2
ہندوستانی اور ایک کویت کا مقامی شہری شامل ہے۔ حادثہ میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
کویت فائر سروس ڈائریکٹوریٹ کے مطابق حادثے کے فوراً بعد ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں لیکن حادثے کی شدت بہت زیادہ تھی جبکہ 4 افراد کو بسیں کاٹ کر نکالنا پڑا۔ دوسری جانب کویت آئل کمپنی کے ترجمان کے مطابق بسوں میں کنٹریکٹ ملازمین سوار تھے۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کی مکمل طور پر تحقیقات کی جائیں گی۔