نئی دہلی ، 24 جون (یواین آئی) گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے 15،968 نئے کیسز کی اطلاعات ہیں، اور ان مریضوں کے اضافہ کے ساتھ متاثرین کی مجموعی تعداد 4.56 لاکھ جبکہ ہلاک شدگان کی تعداد 14،476 ہوچکی ہے۔ .
صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے بدھ کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 4،56،183 ہوگئی ہے جسمیں کورونا وائرس کے 15،968 نئے کیسز بھی شامل ہیں ۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اس وبا سے 465 اموات کے ساتھ ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 14،476 ہوگئی ہے۔ دوسری طرف ، اس بیماری سے شفایاب ہونے
والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے اور اسی عرصہ میں10،495 مریض صحتمند ہوئے ہیں۔ شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد اب 2،58،685 ہوگئی ہے۔ ملک میں اس وقت کورونا وائرس کے 1،83،022 فعال کیسز ہیں۔
کورونا وائرس سے ریاست مہاراشٹر سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ،جہاں کووڈ۔19 کے 3214 کیسز رپورٹ ہوئے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 248 افراد کی موت ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 1،39،010 اور مرنے والوں کی تعداد 6531 ہوگئی ہے۔ اسی عرصہ کے دوران ریاست میں 1925 افراد شفایاب ہوئے ہیں ، جس کے بعد صحت مند افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 69،631 ہوچکی ہے۔