دمام/22جون(ایجنسی) سعودی عرب کے شہر الدمام میں واقع امام عبدالرحمان بن فیصل یونیورسٹی کے ڈرائیونگ اسکول سے اب تک 67 خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس جار ی کیے جاچکے ہیں جبکہ اس اسکول میں ڈرائیونگ کی تربیت کے لیے 13 ہزار خواتین نے اپنے ناموں کا اندراج کرایا ہے۔
اس اسکول سے سعودی خواتین کو چھے مراحل میں ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جارہے ہیں۔ان میں ابتدائی رجسٹریشن ، اسکول کی ویب گاہ پر رجسٹریشن ، تربیتی پروگرام کے لیے اندراج ،
نظری تربیت ، عملی تربیت اور محکمہ ٹریفک کو کار چلانے کا امتحان دینا شامل ہیں ۔اس امتحان میں کامیاب امیدوار وں کو لا ئسنس جاری کردیا جاتا ہے۔
جامعہ امام عبدالرحمان بن فیصل کے کیمپس کی حدود ہی میں خواتین کو ڈرائیونگ کی نظری اور عملی تربیت دی جا رہی ہے۔لائسنس کے حصول کے لیے درخواست دینے والی خواتین کی عمر 18 سال یا اس سے زاید ہونی چاہیے ۔ انھیں ایک ڈرائیونگ اسکول میں اپنے ناموں کے اندراج کے بعد تربیت کے لیے مقررہ فیس ادا کرنا ہوگی۔