نئی دہلی/ 5 دسمبر (ایجنسی) لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن نے پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس پرسکون انداز میں چلنے کو یقینی بنانے کے لئے گیارہ دسمبر کو کل جماعتی میٹنگ طلب کی ہے۔ لوک سبھا سکریٹریٹ کے ذرائع کے مطابق گیارہ دسمبر کو ساڑھے تین بجے سے ساڑھے چار بجے کے درمیان پارلیمنٹ انیکسی کی نئی عمارت میں کل جماعتی میٹنگ ہوگی۔
راجیہ سبھا کے چےئرمین ایم وینکیا
نائیڈو نے دس دسمبر کو کل جماعتی میٹنگ طلب کی ہے۔ خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی اور پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر اننت کمار کی وفات کے بعد شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے اس اجلاس کے پہلے دن دونوں لیڈروں کے احترام میں دونوں ایوانوں کی کارروائی دن بھر کے لئے ملتوی کی جائے گی۔ اپریل مئی 2019میں لوک سبھا الیکشن سے پہلے پارلیمنٹ کے اس اجلاس میں بڑی تعداد میں بل پاس کئے جانے ہیں۔ چونکہ گیارہ دسمبر کو پانچ ریاستوں مدھیہ پردیش" چھتیس گڑھ" میزورم" تلنگانہ اور راجستھان میں اسمبلی انتخابات کے نتائج آئیں گے اس لئے ان کا اثر پارلیمنٹ کے اجلاس پر بھی دکھائی دے گا۔