امپھال 17 اگست (یواین آئی)سنٹرل روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی ویزکے وزیر نتن گڈکری نے پیر کو شمال مشرقی ریاست منی پور میں تین ہزار کروڑ روپے مالیت والے 13 ہائی ویز پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا انہوں نے اس دوران ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سے 16.91 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والے روڈ سیفٹی منصوبے کا بھی افتتاح کیا۔منی پور 13 ہائی ویزبنانے کے منصوبے میں سڑکوں کی لمبائی 316 کلو میٹر ہوگی جس کی لاگت تقریباً تین ہزار کروڑ روپے ہے ۔اس پروجیکٹ کا مقصد شمال مشرقی ریاستوں میں اچھی سڑکوں کے ذریعہ سے بہتر کنیکٹویٹی ،سہولت اور معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے۔
مسٹر گڈکری نے اس موقع پرکہا کہ وزیراعظم نریندرمودی
شمال مشرقی ریاستوں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کرنا چاہتے ہیں اور اسی وجہ سےحکومت نے ان منصوبوں کو فروغ دیا ہے۔,
انہوں نے اس دوران منی پور حکومت سے جلد از جلد استعمال سرٹیفکیٹ پیش کرنے اور اراضی کے حصول کا کام مکمل کرنے کو کہا تاکہ مزید کام کیے جاسکیں۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ منی پور اور دیگر شمال مشرقی ریاستوں میں کنیکٹویٹی اور رابطہ کو بہتر بنانے کے لیے بڑی تعداد میں روڈ اور پانی کے راستے تیار کیے جائیں گے۔روڈ ٹرانسپورٹ وزیر نے یہ بھی کہا کہ وہ ریاست کے وزیراعلیٰ این بیرین سنگھ کے ذریعہ امپھال میں ایلیویٹیڈ روڈ بنانے کی سفارش پر کام شروع کرنے کے لیے اگلے چند ماہ میں امپھال آئیں گے۔