نئی دہلی، 20 جون (ایجنسی) صدر رام ناتھ كووند نے کالے دھن اور بدعنوانی پر روک لگانے کی بابت حکومت کے عزائم کودہراتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ اس مہم کو اور تیز کیا جائے گا۔
مسٹر كووند نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس میں اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت ملک میں بدعنوانی روکنے کے لئے پابند عہد ہے اور اس سمت میں متعدد قدم اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے ملک کو یقین دلایا کہ کالے دھن کے خلاف شروع کی گئی مہم اور تیز رفتار سے آگے بڑھائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال میں چار لاکھ 25 ہزار ڈائرکٹرز کو نااہل قرار دیا گیا
ہے اور تین لاکھ 50 ہزار مشتبہ کمپنیوں کے رجسٹریشن کومنسوخ کیا جا چکا ہے۔
صدر نے اقتصادی جرائم کرکے بیرون ملک فرارہونے والوں پر کنٹرول کے لئے لائے گئے قانون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’بھگوڑے اور اقتصادی مجرم ایکٹ‘ اس معاملہ میں بہت مفید ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا’’اب ہمیں 146 ممالک سے معلومات حاصل ہو رہی ہے، جس میں سوئٹزرلینڈ بھی شامل ہے. ان میں سے 80 ممالک ایسے ہیں، جن سے ہماری معلومات کے خود کار طریقے سے تبادلہ کرنے کا بھی معاہدہ ہوا ہے۔ جن لوگوں نے بیرون ملک کالا دھن جمع کررکھاہے، اب ہمیں ان سب کی معلومات حاصل ہو رہی ہے‘‘۔