میسور/12مئی(ایجنسی) کرناٹک اسمبلی کے انتخابات کے درمیان وزیراعلی سدارامیا نے اس یقین کا اظہار کیا کہ کانگریس دوبارہ واضح اکثریت کے ساتھ ریاست میں برسر اقتدا ر آئے گی ۔
انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کو واضح اکثریت حاصل ہوگی ، اس میں کوئی شک نہیں ہے۔ہمیں یقین ہے کہ کانگریس واضح اکثریت حاصل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کو 120سے زائد نشستیں حاصل ہوں گی۔انہوں نے دعوی کیا کہ تمام طبقات کے غریب کانگریس کے ساتھ ہیں
۔انہوں نے کہاکہ مودی کی تمام تقاریر کھوکھلی تھیں ۔اس کا اثر کرناٹک کے عوام پر نہیں پڑے گا۔اس سوال پر کہ بی جے پی کے وزارت اعلی کے امیدوار یدی یورپا نے 17مئی کو حکومت بنانے کا دعوی کیا ہے ، سدارامیا نے اسے مضحکہ خیز کہا اور کہا کہ یدی یورپا دماغی خلل کا شکار ہوگئے ہیں۔سدارامیا دوحلقوں بادامی اور چامندیشوری سے انتخابی مقابلہ کر رہے ہیں۔
سدارامیا نے مزید کہا کہ امیت شاہ کامیڈی شو کی طرح ہیں اور نریندر مودی کی شبیہ میں بتدریج گراوٹ آئی ہے ، ان کی تقاریر کھوکھلی ہیں اور اس کا کرناٹک کے رائے دہندوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔اسی لئے بی جے پی کے لیڈران فکر مند ہیں۔