سورت ،19اکتوبر(یواین آئی)گجرات پولیس کے انسداددہشت گردی (اے ٹی ایس )دستہ نے اترپردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں ہندو سماج پارٹی کے صدر کملیش تیواری کے سنسنی خیز قتل کے معاملہ کو 24گھنٹے کے اندر حل کرتے ہوئے تین ملزمان کو سنیچر کے روز سورت سے گرفتار کرلیا جبکہ دیگر دولوگوں کا بھی جلد گرفتاری کا امکان ہے ۔
سال 2015میں پیغمبراسلام محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں متنازعہ بیان دینے کے
بعد سرخیوں میں آئے مسٹر تیواری (45)کو جمعہ کو لکھنؤکے خورشید آباد میں واقع انکے دفتر میں دونامعلوم افرادنے گلاکاٹ کر اور گولی مار کر قتل کردیا تھا۔
گجرات اے ٹی ایس کے ایس پی ہمانشو شکلا اور ڈی ایس پی کے کے پٹیل نے سنیچر کو یواین آئی کو بتایاکہ اس معاملہ کے تین ملزمان راشد پٹھان (30) ،مولوی محسن شیخ (28)اور فیضان (24)جو تینوں سورت کی لنبایت علاقہ کی ایک ہی سوسائٹی کے رہنے والے ہیں ،کو گرفتارکرلیاگیاہے ۔