اورنگ آباد 20 اکتوبر ( یواین آئی ) راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی ) اور اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے بہار کی نتیش حکومت پر ریاست کے نوجوانوں کو روزگار دینے کیلئے کوئی پہل نہیں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اسی کا نتیجہ ہے کہ آج ریاست میں بے روزگاری کی شرح میں بے تحاشا اضافہ ہواہے مسٹر یادو نے منگل کو ضلع کے گاندھی میدان ، گوہ اور امبا میں مہا گٹھ بندھن امیدواروں کے حق میں منعقدہ انتخابی ریلی کو خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ریاست میں لاکھوں سرکاری عہدے خالی پڑے ہیں لیکن وزیراعلیٰ نتیش کمار کی قیادت والی حکومت نے یہاں کے
بے روزگار نوجوانوں کو روزگار دینے کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا ۔ اس کا نتیجہ ہے کہ ریاست میں بے روزگاری میں بے تحاشہ اضافہ ہواہے اور نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا ہے ۔
آرجے ڈی لیڈر نے دعویٰ کیاکہ اسمبلی انتخاب کے بعد بہار میں مہا گٹھ بندھن کی حکومت بنی تو وہ کابینہ کی پہلی میٹنگ میں ہی ریاست کے دس لاکھ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار دینے کی راہ ہموار کریںگے ۔ انہوں نے کہاکہ ” ہم نے اپنی پارٹی کے منشور میں ریاست کے دس لاکھ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار دینے کا وعدہ کیا ہے ۔ جس سے ہر حال میں پورا کریںگے “۔