نئی دہلی‘ 6نومبر (یو این آئی) نو تشکیل شدہ مرکز کے زیر انتظام علاقہ لداخ کے لفٹننٹ گورنر آ ر کے ماتھر نے آج یہاں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ سابق بیوروکریٹ مسٹر ماتھر نے 31 اکتوبر کو لداخ کے پہلے لفٹننٹ گورنر کے عہدہ کا حلف لیا تھا۔
وزیر اعظم دفتر کے ایک افسر نے بتایا کہ مسٹر ماتھر نے بدھ کو یہاں وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ انہوں نے لداخ کے مرکز کے زیر انتظام
علاقہ بننے کے بعد کی صورت حال اور اس فیصلے سے ہونے والی تبدیلیوں کے متعلق وزیراعظم سے بات چیت کی۔ ملاقات کے دوران علاقے کی ترقی سے متعلق منصوبوں اور مرکزی حکومت کے منصوبوں کا فائدہ لوگوں تک پہنچانے کے بارے میں بھی بات چیت ہوئی۔ لداخ کی اپنی اسمبلی نہیں ہے اور وہاں کا نظم براہ راست مرکز کے ماتحت رہے گا۔
اس سے پہلے مسٹر ماتھر نے گذشتہ سنیچر کو وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی تھی۔