اسلام آباد،یکم نومبر پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور کوریڈور سے پاکستان آنے والے ہندوستانی سکھ عقیدت مندوں کے لئے بڑی راحتیں دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب انہیں پاسپورٹ کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ کسی بھی شناختی کارڈ کی مدد سے یہاں آسکتے ہیں۔
مسٹر خان نے جمعہ کو ٹویٹ کرکے دوسری راحت کا اعلان کرتے ہوئے کہا’ہندوستانی عقیدت مندوں کو 10دن پہلے رجسٹریشن نہیں کرانا ہوگا۔افتتاح کے دن اور گرونانک کے 550ویں یوم پیدائش پر کوئی فیس نہیں لی جائےگی۔‘‘مسٹر خان کرتارپور کوریڈور کا افتتاح نونومبر کو کریں گے۔
وزیراعطم نریندرمودی اسی دن ہندوستانی سرحد میں اس
کوریڈور کا افتتاح کریں گے۔اس کے بعد مسٹر مودی پنجاب کے گرداس پور میں ڈیرا بابا نامک میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔
ہندوستانی کی جانب سے پاکستان جانے والے وفد میں کانگریس لیڈر اور سابق وزیراعظم من موہن سنگھ کے شامل ہونے کا امکان ہے ۔مسٹر سنگھ پہلے جتھے کے ساتھ پاکستان روانہ ہوں گے۔
اس دوران پاکستان نے کانگریس لیڈر اور سابق کرکیٹر نوجوت سنگھ سدھو کو کوریڈور کے افتتاحی پروگرام میں حصہ لینے کےلئے خصوصی دعوت نامہ بھیجا ہے۔حالانکہ وزارت خارجہ نے کہا کہ اس کےلئے مسٹر سدھو کو سیاسی منظوری لینی ہوگی۔اس طرح مسٹر سدھو کے پاکستان جانے پر کسی قدر شبہ کی صورت حال بنی ہوئی ہے۔