ناگپور، 6 نومبر (یواین آئی) مہاراشٹر کے وزیر اعلی دیوندر فرنويس نے شیوسینا کے ساتھ حکومت بنانے پر جاری رسہ کشی کے درمیان راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سرسنگھ چالک موہن بھاگوت سے ناگپورمیں واقع سنگھ کے ہیڈکوارٹر میں گزشتہ شب ملاقات کی ذرائع کے مطابق دونوں کے درمیان ملاقات کے دوران ریاست میں جاری سیاسی عدم استحکام اور شیوسینا کے ساتھ حکومت تشکیل دینے پر بات چیت کی منگل کو دیر رات ہونے والی میٹنگ میں دونوں کے درمیان سیاسی صورتحال کے علاوہ اجودھیا معاملہ پر سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد نظم و نسق کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا فرنويس اور
سرسنگھ چالک کے درمیان ملاقات کے بعد کوئی سرکاری بیان نہیں آیا لیکن ذرائع کے مطابق دونوں کے درمیان تقریبا ایک گھنٹے سے زیادہ عرصہ تک میٹنگ ہوئی جس میں ریاست میں حکومت تشکیل دینے کے سلسلہ میں بات چیت ہوئی وزیر اعلی کی مسٹر بھاگوت کے ساتھ ملاقات کے بعد قیاس لگائے جارہے ہیں کہ مہاراشٹر میں حکومت تشکیل کو لے کر جاری تعطل اب ختم ہو سکتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور شیوسینا نے اتحاد کرکے الیکشن لڑا تھا لیکن نتائج کا اعلان ہونے کے بعد سے ہی شیوسینا 50-50 فارمولہ پر اڑ گئی جس کے بعد سے اب تک ریاست میں حکومت تشکیل کو لے کر تعطل جاری ہے۔