نئی دہلی‘9نومبر (یو این آئی) کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ اجودھیا معاملے میں سپریم کورٹ نے اپنا فیصلہ دے دیا ہے اور اب اہل وطن کو اس کا احترام کرتے ہوئے باہمی خیرسگالی اور بھائی چارہ برقرار رکھتے ہوئے اپنی روایت کی پاسداری کرنی ہے۔
اجودھیا معاملے میں چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی صدارت والی پانچ رکنی آئینی بینج کے فیصلے کے بعد مسٹر گاندھی نے ٹوئٹ کیا”سپریم کورٹ نے اجودھیا معاملے پر اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ عدالت کے اس فیصلے کا احترام کرتے ہوئے ہم سب کو
باہمی خیرسگالی برقرار رکھنا چاہئے۔ یہ وقت ہم سب ہندوستانیوں کے درمیان بھائی چارہ‘ اعتماد او رپیارکا ہے۔“
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ تمام فریقین کو اس فیصلے کو تسلیم کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا”اجودھیا معاملے پر ہندوستان کی سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے۔ تمام فریقین اور برادریوں اور شہریوں کو اس فیصلے کااحترام کرتے ہوئے ہماری صدیوں سے جاری میل جول کی روایت کو برقرار رکھنا چاہئے۔ ہم سب کو ایک ہوکر باہمی خیر سگالی اور بھائی چارہ کو مضبوط کرنا چاہئے۔“