ماسکو/14جون(ایجنسی) روس کی میزبانی میں فیفا فٹ بال ورلڈ کپ جمعرات چودہ جون سے شروع ہو گا۔ اس کا فائنل میچ پندرہ جولائی کو کھیلا جائے گا۔ ورلڈ کپ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب ماسکو کے لُوژ نِکی اسٹیڈیم میں منعقد کی جائے گی۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی روس کے صدر ولادیمیر پوٹن ہوں گے۔ منتظمین کے
مطابق افتتاحی تقریب اور میچ کو دیکھنے کے لیے بیس غیر ملکی سربراہانِ مملکت کی شرکت یقینی ہے۔ فٹ بال ورلڈ کپ کے انعقاد پر روس نے تیرہ بلین ڈالر خرچ کیے ہیں۔ سن 1980 کے گرمائی اولمپکس کے بعد روس میں منعقد کیا جانے والا فٹ بال ورلڈ کپ سب بڑا بین الاقوامی ایونٹ ہے۔ سن 1980 کے اولمپکس سابقہ سوویت یونین کے دور میں ہوئے تھے۔