نئی دہلی، 3نومبر (یو این آئی) طویل انتظار کے بعد عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) نے ہندوستان میں تیار کردہ کووڈ ویکسین '’کوویکسین‘ کو منظوری دے دی ہے اب یہ ویکسین ہلاکت خیز کووڈ کو روکنے کے لیے عالمی ادارہ صحت کی’ 'ایمرجنسی ویکسین لسٹ‘ میں شامل کیا جائے گا ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او)نے بدھ کو یہاں کہا کہ تنظیم کی تکنیکی کمیٹی کے اجلاس میں کوویکسین کو منظور کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
’ کوویکسین‘ ویکسین ہندوستانی کمپنی بھارت بایوٹیک نے تیار کی ہے اور یہ مکمل
طور پر دیسی ہے۔’ کوویکسین‘ کو عالمی ادارہ صحت کی منظوری کے لیے ایک طویل عمل اور مذاکرات کے کئی دور سے گزرنا پڑا۔
مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر من سکھ مانڈویہ نے عالمی ادارہ صحت کی طرف سے’ کوویکسین‘ کی منظوری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا "’’یہ ہندوستان کی قابل قیادت کی علامت ہے۔ یہ مودی جی کے عزم کی کہانی ہے۔ یہ اہل وطن کے اعتمادکی بات ہے۔ یہ آتم نربھر بھارت کی دیوالی ہے۔" مسٹرمانڈویہ نے ’ کوویکسین‘ کو منظوری دینے کے لیے عالمی ادارہ صحت کا بھی شکریہ ادا کیا۔