حیدرآباد/8مئی(ایجنسی) آئی پی ایل 2018 کے 39 ویں میچ میں آج سن رائزرس حیدرآباد نے وراٹ کوہلی کی قیادت والی رائل چیلنجرس بنگلور کو 5 رنوں سے شکست دے کر اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم کرلیا۔ سن رائزرس حیدرآباد کے 146 رنوں کے جواب میں رائل چیلنجرس بنگلور 20 اوور میں 6 وکٹ کے نقصان پر 141 رن ہی بناسکی۔
147 رنوں کا ہدف لے کر اتری آرسی بی ہدف کو حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ اس کے ساتھ ہی حیدرآباد نے پوائنٹ ٹیبل میں سرفہرست مقام کو برقرار رکھا ہے۔ اپنے گیند بازوں کے دم پر سن رائزرس
حیدرآباد نے اب تک اپنے کم اسکور کا بھی بہترین طریقے سے دفاع کیا ہے اور ہفتہ کو دہلی ڈیئر ڈیولس کے خلاف بھی 7 وکٹ سے جیت درج کی ۔ حیدرآباد نے آج اپنی آٹھویں جیت درج کی۔
سن رائزرس حیدرآباد کی طرف سے ولیمسن نے 56رن اور شکیب الحسن نے 35 رنوں کی اننگ کھیلی۔ جبکہ شکھر دھون 13 اور یوسف پٹھان محض 12 رن بناسکے۔ اس کے علاوہ کوئی بھی بلے باز قابل ذکر کارکردگی نہیں پیش کرسکا۔ رائل چیلنجرس بنگلور کی جانب سے ٹم ساوتھی اور محمد سراج نے تین تین وکٹ حاصل کئے جبکہ یادو اور چہل نے ایک ایک وکٹ لیا۔