نئی دہلی/29ڈسمبر(ایجنسی) ٹیم انڈیا کے اوپنر شیکھر دھون تو جنوبی افریقہ دورے میں کھیلی جانی والی سیریز کیلئے ٹیم کے ساتھ کیپ ٹاون پہنچ گئے ہیں ، لیکن ان کی اہلیہ عائشہ اور بچے ابھی دبئی ہوائی اڈے پر ہی پھنسے ہوئے ہیں ۔ دبئی ہوائی اڈہ پر ان کے اہل خانہ کو جنوبی افریقہ جانے والی فلائٹ میں سوار نہیں ہونے دیا گیا ۔ شیکھر دھون نے ٹویٹ کرکے خود کی اطلاع دی ہے اور اس معاملہ پر اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
شیکھر نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ایئر لائنز کی جانب سے کیا گیا یہ
رویہ مکمل طور پر غلط ہے۔میں اپنے خاندان کے ساتھ جنوبی افریقہ کی طرف روانہ ہو رہا تھا کہ تبھی ہمیں یہ بتایا گیا کہ میری بیوی اور بچے دبئی سے جنوبی افریقہ کے لئے پرواز میں نہیں جا سکتے ہیں۔اس کے بعد مجھے میرے بچے کی پیدائش سرٹیفکیٹ اور دیگر دستاویزات دکھانے کو کہا گیا جوکہ اس وقت ہمارے پاس نہیں تھے۔
انہوں نے اپنے دوسرے ٹویٹ میں کہا کہ وہ اب دبئی ایئر پورٹ پر ہی دستاویزات کے پہنچنے کا انتظار کر رہے ہیں۔ایئر لائنز نے ہمیں اس بات کی جانکاری پہلے کیوں نہیں دی جب ہم ممبئی سے دبئی کے لئے روانہ ہوئے تھے۔