نئی دہلی/16جولائی(ایجنسی) ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے ٹیم انڈیا کے نئے کوچ اور اسپورٹ اسٹاف کے لئے تلاش شروع کر دی ہے اور اس کے لیے 30 جولائی تک درخواست طلب کی گئی ہیں۔ ہندستانی ٹیم کو انگلینڈ میں منعقد ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں سیمی فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ عالمی کپ میں ہندستانی ٹیم کے کوچ روی شاستری تھے۔ بی سی سی آئی کا نظم کرنے والی منتظمین کی کمیٹی (سی او اے ) نے منگل کو ایک بیان جاری کر کے بتایا کہ ٹیم انڈیا کے ہیڈ کوچ، بیٹنگ کوچ، بولنگ کوچ، فیلڈنگ کوچ، فیزیو تھیراپسٹ ، کنڈیشنگ کوچ اور انتظامی منیجر کے لئے 30 جولائی تک درخواست طلب کی گئی ہیں۔
بی سی سی آئی نے ساتھ ہی بتایا کہ ٹیم انڈیا کا موجودہ کوچنگ عملہ خود کار طریقے سے اس بھرتی کے عمل میں شامل رہے گا۔ ان
خطوط کے لئے بی سی سی آئی کا فیصلہ آخری اور حتمی ہو گا ۔ چیف کوچ ، دیگر اسپورٹنگ عملے اور طبی عملے کی تقرری پانچ ستمبر 2019 سے 24 نومبر 2021 تک کیلئے رہے گی جبکہ انتظامی منیجر کی تقرری ایک سال کی مدت کے لیے ہو گی۔
ٹیم انڈیا کے ہیڈ کوچ روی شاستری کا معاہدہ اگلے ماہ ویسٹ انڈیز کے دورے کے بعد ختم ہو جائے گا۔ بی سی سی آئی نے اگرچہ کہا ہے کہ موجودہ کوچنگ عملہ خود کار طریقے سے اس عمل میں شامل رہے گا۔ لیکن عمل میں شامل ہونے کے لیے موجودہ کوچ کو اپنی رضامندی دینی ہوگی ۔ ہندوستانی ٹیم کے اسپورٹ عملے میں شاستری کے علاوہ بولنگ کوچ بھرت ارون، بیٹنگ کوچ سنجے بانگڑ اور فیلڈنگ کوچ آر سریدھر شامل ہیں۔ اسپورٹ اسٹاف میں عالمی کپ کے بعد 45 دن کی توسیع کر دی گئی ہے اور اس میں ویسٹ انڈیز کا تین اگست سے تین ستمبر تک کا دورہ شامل رہے گا۔