سڈنی/19مارچ(ایجنسی) آسٹریلیا کے ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ کی منگیتر ریچل میکلیلن نے بتایا ہے کہ انہوں نے برضا و رغبت اسلام قبول کیا ہے اور ان پر کوئی دباؤ نہیں تھا۔
31 سالہ پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ اور 22 سالہ ریچل میکلیلن کی اگلے ماہ اپریل میں شادی ہے۔ ریچل میکلیلن عیسائیت کے کیتھولک فرقے سے تعلق رکھتی تھیں۔ آسٹریلوی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ریچل میکلیلن نے بتایا کہ جب عثمان اور ان کی محبت کی خبر پھیلی تو لوگوں
نے مسلمان سے تعلق قائم کرنے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔
ریچل میکلیلن نے کہا کہ انہوں نے میڈیا میں مسلمانوں کے بارے میں ہمیشہ بری بری باتیں ہی سنی تھیں اور منفی خبریں پڑھی تھیں کہ وہ دہشتگرد ہوتے ہیں، لیکن عثمان نے مسلمانوں کے بارے میں پھیلائی گئی ساری غلط فہمیوں اور پروپگینڈے کو ختم کردیا، عثمان میری زندگی میں آنے والے پہلے مسلمان تھے۔ پہلے پہل تو میں نے عثمان پر کوئی توجہ نہ دی اور ہمیشہ انہیں نظرانداز کیا، لیکن پھر ہم دونوں کو ایک دوسرے سے محبت ہوگئی جو اب حقیقی رشتے میں بدلنے جارہی ہے۔