نئی دہلی/5ستمبر(ایجنسی) وزیر اعظم نریندر مودی نے اٹھارہویں ایشیائی کھیلوں میں میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں سے آج یہاں اپنی رہائش گاہ پرملاقات کی اور ان کی شاندار کارکردگی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ جکارتہ میں پچھلے دنوں اختتام پذیرایشیائی کھیلوں میں ہمارے کھلاڑیوں نے ہندوستان کے مرتبے اور فخر وا نبساط میں اضافہ کیا ہے۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کو مبارکباددیتے ہوئے ایشیا ئی کھیلوں میں مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ہندوستان کے لئے بڑی تعداد میں گولڈ میڈل جیتنے کے لئے ان کھلاڑیوں کی ستائش کی۔ انہوں نے میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کھیل کود کے جذبے نے ہندوستان کے مرتبے اورفخروانبساط میں اضافہ کیا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ میڈل جیتنے والے کھلاڑی اپنی شہرت اور عزت افزائی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے فن پر مزیدتوجہ مرکوز کریں گے۔