نئی دہلی، 17 جون (یو این آئی) وزیر اعظم جناب نریندر مودی 19 جون کو شام 5 بجے اندرا گاندھی اسٹیڈیم ، نئی دہلی میں 44ویں شطرنج اولمپیاڈ کے لیے تاریخی مشعل ریلے کا آغاز کریں گے۔ اس موقع پر وہ مجمع سے بھی خطاب کریں گے۔ آل انڈیا شطرنج فیڈریشن کے صدر ڈاکٹر سنجے کپور نے جمعہ کی شام یہاں ایک پریس کانفرنس میں یہ اعلان کیا۔ اس موقع پر پانچ بار کے عالمی چیمپئن وشواناتھن آنند موجود تھے۔
اس سال، پہلی مرتبہ، شطرنج کی بین الاقوامی انجمن ، ایف آئی ڈی ای، نے شطرنج اولمپیاڈ مشعل کا آغاز کیا ہے جو کہ اولمپک کی روایت کا حصہ ہے، لیکن اسے شطرنج اولمپیاڈ میں کبھی شامل نہیں کیا گیا۔ ہندوستنا شطرنج
اولمپیاڈ مشعل ریلے منعقد کرنے والا اولین ملک ہوگا۔ یہ بات قابل غور ہے کہ شطرنج سے وابستہ ہندوستان کی قدیم روایات کو نئی بلندیوں تک لے جاتے ہوئے، شطرنج اولمپیاڈ کے لیے مشعل ریلے کا آغاز اب سے ہمیشہ ہندوستان میں ہوگا اور میزبان ملک پہنچنے سے قبل یہ مشعل ریلے تمام بر اعظموں کا سفر طے کرے گی۔
ایف آئی ڈی ای کے صدر آرکیڈی دوارکووِچ ،وزیر اعظم کو مشعل سونپیں گے، جو اس مشعل کو گرینڈ ماسٹر وشوناتھن آنند کے حوالے کریں گے۔ یہ مشعل چنئی کے قریب واقع مہابلی پورم میں فائنل تقریب سے قبل 40 دنوں کی مدت میں 75 شہروں میں لے جائی جائے گی۔ ہر مقام پر، مشعل کو ریاست کے شطرنج گرینڈ ماسٹرز کے حوالے کیا جائے گا۔