ذرائع:
پاکستان کے ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں نیا اولمپک ریکارڈ قائم کرتے ہوئے نہ صرف طلائی تمغہ حاصل کر لیا ہے بلکہ پاکستانی قوم کا ان عالمی کھیلوں میں میڈل کے حصول کا تین دہائیوں سے جاری انتظار بھی ختم کردیا۔ارشد نے یہ کارنامہ 92.97 میٹر فاصلے پر نیزہ پھینک کر سرانجام دیا جو ان کے کریئر کی بہترین کارکردگی ہے۔ جمعرات کی شب ہونے والے فائنل مقابلے میں ارشد کی پہلی تھرو فاؤل قرار دی گئی تاہم دوسری تھرو نے 2008 میں قائم کیا گیا اولمپک ریکارڈ توڑ دیا۔ یہ ارشد کے کریئر کی سب سے بڑی جبکہ دنیا میں اب تک پھینکی جانے والی چھٹی سب سے طویل جیولن تھرو تھی۔ارشد نے اس مقابلے میں اپنی
آخری تھرو بھی 90 میٹر سے زیادہ فاصلے پر پھینکی۔ یہ دوسرا موقع ہے کہ ارشد نے اپنے کریئر میں 90 میٹر سے زیادہ فاصلے پر تھروز کی ہیں۔ ماضی میں انھوں نے 2022 میں 90.18 میٹر فاصلے پر جیولن پھینک کر طلائی تمغہ جیتا تھا۔
انہوں نے اپنے x اکاؤنٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا سب سے پہلے تو میں اللہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس بڑی کامیابی پر میں نے اپنے والدین کی دعاؤں، پوری قوم کی دعاؤں اور خاص طور پر اپنے کوچ جناب سلمان اقبال بٹ کی انتھک محنت اور ڈاکٹر علی شیر باجوہ کے تعاون سے کامیابی حاصل کی۔ اس بڑے سنگ میل کو حاصل کیا۔آپ سب کا شکریہ!
انہوں نے لکھا کہ یہ گولڈ میڈل میری طرف سے یوم آزادی کے موقع پر پوری قوم کے لیے ایک تحفہ ہے۔