میلبورن، 28 جنوری (یو این آئی) دنیا کے پانچویں نمبر کے ٹینس کھلاڑی اسپین کے رافیل نڈال نے جمعہ کو سیمی فائنل میں ساتویں سیڈ اٹلی کے میٹیو بیریٹینی پر 6-3، 6-2، 3-6، 6-3 سے شاندار جیت کے ساتھ چھٹی بار آسٹریلین اوپن مینز سنگلز کے فائنل میں پہنچ گئے وہ اب اپنے ریکارڈ 21ویں گرینڈ سلیم خطاب سے محض ایک قدم دورہیں اور اس حصولیابی کو حاصل کرنے کے لئے نڈال کا سامنا سیکینڈ سیڈ روس کے
ڈینیل میدویدیف سے ہوگا جنہوں نے دوسرے سیمی فائنل میں فورتھ سیڈ یونان کے اسٹیفانوس ستسپاس کو 7-6، 4-6، 6-4، 6-1 سے شکست دی۔
20 بار کے گرینڈ سلیم فاتح نڈال نے سیمی فائنل میں اٹلی کے بیریٹینی کو چار سیٹوں کے مقابلے میں شکست دی، جن کا یہ تیسرا گرینڈ سلیم سیمی فائنل تھا۔
نڈال اور بیریٹینی اس سے قبل 2019 میں یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں مدمقابل ہوئے تھے اور اس وقت بھی نڈال فاتح رہے تھے۔