نئی دہلی، 17 اگست (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ دیہی علاقوں میں کھیلوں کی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور انہیں جدید تربیت فراہم کرنے کے لیے ملک میں کھیلو انڈیا سنٹرز کی تعداد ایک ہزار تک بڑھا دی جائے گی ٹوکیو 2020 پیرا اولمپک کھیلوں کے لیے ہندوستانی پیرا ایتھلیٹ دستے کے ساتھ بات چیت کے دوران مسٹر مودی نے کہا کہ بہت سارے نوجوان ہیں جو تمغے لانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ آج ملک خود ان تک پہنچنے کی کوشش کر رہا ہے ، دیہی علاقوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ آج ملک کے ڈھائی سو سے زائد اضلاع میں 360 'کھیلو انڈیا سنٹر' قائم کیے گئے ہیں ، تاکہ مقامی سطح پر ٹیلنٹ کی
شناخت ہو، انہیں موقع ملے۔ آنے والے دنوں میں ان مراکز کی تعداد ایک ہزار تک بڑھا دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ کھلاڑیوں کے سامنے ایک اور چیلنج وسائل بھی تھے۔ جب کھلاڑی کھیلنے گئے تو وہاں کوئی اچھا گراؤنڈ ، اچھا سامان نہیں تھا۔ اس سے کھلاڑی کے حوصلے پر بھی اثر پڑا۔ وہ اپنے آپ کو دوسرے ممالک کے کھلاڑیوں سے کمتر سمجھتا تھا۔ لیکن آج ملک میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو بھی بڑھایا جا رہا ہے۔ ملک کھلے ذہن کے ساتھ ہر کھلاڑی کی مدد کر رہا ہے۔ 'ٹارگٹ اولمپک پوڈیم اسکیم' کے ذریعے ملک نے کھلاڑیوں کے لیے ضروری انتظامات بھی کیے ، اہداف طے کیے۔ اس کا نتیجہ آج ہمارے سامنے ہے۔