بنگلورو، 20 جون (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے کرناٹک کے اپنے دو روزہ دورے کے دوران پیر کو دارالحکومت بنگلورو میں 33 ہزار کروڑ سے زیادہ کے مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا مسٹرمودی نے سینٹر فار برین ریسرچ کا افتتاح کیا اور باغچی پارتھاسارتھی ملٹی اسپیشلٹی اسپتال کا آئی آئی ایس سی احاطے میں سنگ بنیاد رکھا وزیر اعظم نے ٹویٹ کیا، "آئی آئی ایس سی بنگلور میں سنٹرفار برین ریسرچ کا افتتاح کرکے بہت خوش ہوں۔ مجھے اس بات کی بھی بہت خوشی ہے کہ مجھے آج اس پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کا بھی موقع ملا۔ یہ مرکز دماغ اور اس سے متعلق مختلف بیماریوں کے علاج کے لیے درکار تحقیق کا اہم مرکز بنے گا۔ ایسے وقت میں جب تمام ملک
اپنے یہاں ہیلتھ سہولیات کو مضبوط کرنے میں مصروف ہیں باغچی پارتھا سارتھی اسپتال جیسی کوششیں کی خصوصی اہمیت ہے۔ اس سے ملک کی صحت کی صلاحیتوں کو مضبوطی ملے گی اور اس شعبے میں بہترین تحقیق کو تقویت ملے گی۔
مسٹرمودی نے بنگلور امبیڈکر اسکول آف اکنامکس (بی اے ایس ای) کا بھی افتتاح کیا اور اس موقع پر ڈاکٹر امبیڈکر کے پیتل کے مجسمے کی نقاب کشائی کی۔ وزیر اعظم نے بنگلورو کے کمماگھاٹ میں ریل اور سڑک سے جڑی 27 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے مختلف بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس کے ساتھ ہی کرناٹک کے ٹھوکُر سے مہاراشٹر کے روہا کے درمیان کونکن ریلوے لائن کا 100 فیصد برقی کاری کا کام شروع کیا گیا ہے، جس پر 1280 کروڑ سے زیادہ لاگت آئے گی۔