سرینگر/31مارچ(ایجنسی) کرکٹ ٹورنامنٹ رانجی ٹرافی کے لئے جموں وکشمیر کے کوچ عرفان پٹھان نے کہا کہ کشمیر کے کرکٹ کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اور انہیں صرف مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے پاس کوئی جادوئی چھڑی نہیں ہے اور بہترین کھلاڑیوں کی ٹیم تیار کرنے کے
لئے وہ عنقریب اپنا کام شروع کریں گے۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عرفان پٹھان جنہیں جموں وکشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن نے آنے والے رانجی ٹرافی سیزن کے لئے ریاست کے کھلاڑیوں کا کوچ مقرر کیا ہے، نے ان باتوں کا اظہار ہفتہ کے روز شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے ٹنگمرگ میں ریاستی پولیس کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کیا۔