نئی دہلی/7اگست(ایجنسی) ہندوستانی ٹیبل ٹینس کھلاڑی سومیہ جیت گھوش نے اس لڑکی سے شادی کرلی ہے ، جس نے چار مہینے پہلے ان پر آبروریزی کا الزام لگایا تھا ۔ عالمی درجہ بندی میں کیریئر کے سب سے اونچے 58 ویں رینک پر پہنچنے والے گھوش پر ایک 18 سال کی لڑکی نے آبروریزی کا معاملہ درج کروایا تھا ، جس کے بعد 25 سال کے اس ٹیبل ٹینس کھلاڑی کو دولت مشترکہ کھیلوں کی ٹیم سے باہر کردیا گیا تھا ۔ انہیں ایشیائی کھیلوں کی ٹیم میں بھی جگہ نہیں ملی ہے ۔
گھوش کو امید ہے کہ عدالت میں ان کے معاملہ کی سماعت جلد ہی پوری ہوگی اور وہ کھیل میں واپسی کریں گے ۔ گھوش نے کہا کہ ان کا ہدف اپنے تیسرے اولمپک میں ملک کی نمائندگی کرنا ہے
۔
لندن اور ریو اولمپک کیلئے کوالیفائی کرنے والے اس کھلاڑی نے کہا کہ میرا ہدف تیسرے اولمپک میں کھیلنا ہے ، لیکن ابھی ساری توجہ قانونی داو پیچ پر ہے ، میرا وزن بھی کافی بڑھ گیا ہے ، واپسی مشکل ہوگی ، لیکن مجھے اس کا طریقہ تلاش کرنا ہوگا ۔
گھوش نے کہا : کہتے ہیں نا ہندوستان میں کھلاڑیوں کو کچھ پانے کیلئے کافی ساری پریشانیوں سے گزرنا ہوتا ہے ، ایسے حالات سے آپ مزید مضبوط ہوتے ہیں ، لیکن چار مہینے پہلے میرے ساتھ جو ہوا اس نے مجھے پوری طرح سے ہلا کر رکھ دیا ، مجھے معلوم نہیں تھا کہ اس سے کیسے نپٹنا ہے ۔