نئی دہلی/13اگست(ایجنسی) انگلینڈ کے خلاف پہلے دو ٹسٹ میں شرمناک شکست کے بعد تیسرے ٹسٹ میں کارکردگی کی بنیاد پرکوچ روی شاستری اورکپتان وراٹ کوہلی کو بی سی سی آئی کے سوالوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ چوتھے اور پانچویں ٹسٹ کے لئے ٹیم کا انتخاب تیسرے ٹسٹ کے بعد کیا جائے گا، جو ہفتہ کو ناٹنگھم میں شروع ہوگا۔
اس کے نتیجے کے بعد ہی بورڈ آگے ہونے والی کارروائی کے بارے میں فیصلہ لے گا۔ بورڈ کے ایک سینئرافسرنے کہا "ہندوستانی ٹیم
یہ شکایت نہیں کرسکتی کہ اسے تیاری کے لئے مناسب وقت نہیں ملا۔ جنوبی افریقہ سیریزکے بعد کھلاڑیوں نے مصروف پروگرام اور پریکٹس میچوں کی کمی کی شکایت کی تھی۔ ان سے بات کرنے کے بعد ہی ہم نے طے کیا کہ محدود اووروں کی سیریز ٹسٹ میچ سے قبل کھیلی جائیں گی"۔
انہوں نے کہا کہ "سینئر ٹیم کے کہنے پر ہی ہم نے ہندوستان اے ٹیم کو اسی وقت دورے پر بھیج دیا۔ دوسینئر کھلاڑی اجنکیا رہانے اورمرلی وجے اس دورے پرساتھ گئے، جوانہوں نے چاہا، ہم نے سب کیا۔ اب نتیجے نہیں آرہے ہیں توبورڈ کو سوال کرنے کا پورا حق ہے"۔