ماونٹ مانگنوئی/3فروری(ایجنسی) منجوت کالرا (101ناٹ آوٹ ) اور ہاونک دیسائی (47ناٹ آوٹ) کی فاتحانہ اننگز کی بددولت ہندستانی کرکٹ ٹیم نے یہاں سنیچر کو آسٹریلیا کو آٹھ وکٹ سے شکست دیکر چوتھی مرتبہ آئی سی سی انڈر۔19کرکٹ ورلڈ کپ جیت لیا۔ ہندستان کا یہ چوتھا انڈر۔19ورلڈ کپ ہے ۔ اس سے پہلے ہندستان اور آسٹریلیا دونوں ہی ٹیموں نے تین تین مرتبہ یہ آئی سی سی کا یہ خطاب اپنے نام کیا تھا۔ ہندستان نے اس سے پہلے 2000، 2008اور 2012میں اس خطاب پر قبضہ کیا ہے اور اب چوتھی باروہ فاتح بننے کے ساتھ ٹورنامنٹ کی سب سے
کامیاب ٹیم بھی بن گئی ہے۔
میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا اور 47.2اوور میں اس کی پوری ٹیم 216رن پر آل آوٹ ہوگئی جس کے جواب میں ہندستان نے 67گیند باقی رہتے 38.5اوور میں صرف دو وکٹ پر 220رن بنا کر خطاب پر قبضہ کرلیا۔ اسی کے ساتھ کوچ راہل دراوڑ کی کوچنگ اور پرتھوی شاہ کی کپتانی والی نوجوان ٹیم انڈیا نے ٹورنامنٹ میں کوئی میچ نہ ہار نے کا سلسلہ بھی برقرار رکھا۔