جے پور 3 دسمبر (یو این آئی) راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے مرکز کی مودی حکومت پر مہنگائی، کسانوں سمیت اہل وطن کی کوئی پرواہ نہ کرنے اور تکبر میں رہنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ سال 2024 کے انتخابات میں اس کا غرور چکنا چور ہو جائے گا مسٹر گہلوت نے آج یہاں ودیادھر نگر اسٹیڈیم پہنچ کرمجوزہ کانگریس ریلی کے مقام کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے یہ بات کہی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت تو ملک کے باشندوں کی نہیں سن رہی ہے اوراسےان کی کوئی پرواہ نہیں
ہے۔ وہ غرور میں مر رہی ہے۔ آنے والے وقت میں عوام اسے سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2024 کے انتخابات میں اس کا گھمنڈ چور ہو جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی اور پارٹی لیڈر راہل گاندھی نے سوچ سمجھ کر مہنگائی کے تعلق سے دہلی میں قومی ریلی کااہتمام کرنا چاہا، لیکن یہ بدقسمتی ہے کہ قومی ریلی کی اجازت نہیں دی گئی۔ پورے ملک میں مہنگائی کا مسئلہ برقرارہے اور ایسے میں ریلی میں ملک کے لوگوں کے جذبات سامنے آتے، لیکن کیا وجہ تھی کہ ریلی کے لئے منع کردیا گیا۔