نئی دہلی/16مارچ(ایجنسی) ٹیم انڈیا کے تیز گیند باز محمد سمیع اور ان کی اہلیہ حسین جہاں کے معاملہ میں بڑا انکشاف ہوا ہے ۔ ایک چینل کو دئے انٹرویو میں سمیع نے کہا ہے کہ انہیں شادی کے بعد پتہ چلا کہ حسین جہاں شادی شدہ ہیں اور ان کے دو بچے بھی ہیں۔ سمیع نے اپنی اہلیہ پر سنگین الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جب ہم دونوں نے شادی کی ، اس وقت مجھے حسین جہاں کی پہلی شادی کے بارے میں معلوم نہیں تھا ،حسین جہاں نے مجھے دھیرے دھیرے یہ باتیں بتائیں ۔ حسین نے اپنے دو بچوں کو اپنی بہن کی بیٹیاں بتایا تھا ۔
محمد سمیع نے مزید کہا کہ ابھی تک میرے اہل خانہ کو یہی لگتا ہے کہ وہ حسین جہاں کی بہن کی بیٹیاں ہیں ، لیکن اب سچائی دنیا کے سامنے آچکی ہے ۔ آپ کو بتادیں کہ حسین جہاں اور سمیع کی شادی 2014 میں ہوئی تھی ۔ حسین جہاں
کولکاتہ نائٹ رائیڈرس کی ایک چیئر لیڈر تھیں اور سمیع کو ان سے محبت ہوگئی تھی۔
حالیہ دنوں میں ہی اس بات کا انکشاف ہوا تھا کہ حسین جہاں کی یہ دوسری شادی تھی۔ حسین جہاں کے سابق شوہر کا نام سیف الدین ہے اور وہ مغربی بنگال کے بیر بھوم میں اسٹیشنری کی دکان چلاتے ہیں۔
حسین جہاں کے سابق شوہر نے بتایا کہ وہ کافی لالچی خاتون ہے ۔ سیف الدین اور حسین جہاں کی شادی 2002 میں ہوئی تھی ۔ حسین جہاں نے دو بیٹیوں کو جنم دیا ۔ ایک بیٹی 10 ویں میں ہے جبکہ دوسری چھٹی جماعت میں پڑھتی ہے۔ سال 2010 میں ان کا طلاق ہوگیا ۔