کراچی ، 13 ستمبر (یو این آئی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجا کو پی سی بی الیکشن کمشنر جسٹس (ریٹائرڈ) شیخ عظمت سعید کی صدارت میں خصوصی اجلاس میں تین سال کی مدت کے لئے متفقہ طور پر اور بلامقابلہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا چیئرمین منتخب کیا گیا ۔
رمیزراجا نے چیئرمین منتخب ہونے کے بعد اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'میں آپ سب کا مشکور ہوں کہ آپ نے مجھے پی سی بی کا چیئرمین منتخب کیا اور میں آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا
منتظر ہوں تاکہ ہم پاکستان کرکٹ کو میدان کے اندر اور باہر دونوں مقامات پر مضبوط کریں اور پرواز چڑھائیں'۔
راجہ نے کہا کہ 'میری پہلی ترجیح پاکستان کی کرکٹ ٹیم میں اس سوچ، ثقافت اور نظریے کو متعارف کروانا ہے جس نے کبھی پاکستان کو کرکٹ کی سب سے خطرناک ٹیم بنا دیا تھا، ہم سب کو قومی کرکٹ ٹیم کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے اور ان کی مطلوبہ ضروریات کو پورا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اسی برانڈ کی کرکٹ کھیلیں جس کی ان سے شائقین کرکٹ توقع کرتے ہیں'۔