نئی دہلی/13جون(ایجنسی) ہندوستان کی شطرنج کھلاڑی سومیا سوامی ناتھن نے اگلے مہینے ایران میں ہونے والے شطرنج ٹورنامنٹ سے خود کو باہر کر لیا ہے۔ سومیا نے مسلم ملک ایران میں حجاب پہننے کی لازمیت کی مخالفت کرتے ہوئے یہ فیصلہ لیا ہے۔ فیس بک پر پوسٹ کرتے ہوئے چیس اسٹار سومیا نے لکھا کہ حجاب پہننے کی زبردستی اس کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ ساتھ ہی سومیا نے اسے اپنی آزادی اور مذہب کے حق کی توہین سے بھی تعبیر کیا۔
یہ شطرنج ٹورنامنٹ 26 جولائی سے 4 اگست تک ایران میں منعقد ہونے جا رہا ہے۔ سومیا نے اپنی فیس بک پوسٹ پر لکھا "مجھے زبردستی حجاب پہننے کے لئے مجبور نہیں کیا جانا چاہئے، ایسا کرنا
میرے انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ اس کے ساتھ ہی میرے بولنے، سوچنے اور مذہب کو ماننے کے حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے۔
سومیا نے کہا کہ سرکاری چیمپئن شپ کا انعقاد کرتے ہوئے کھلاڑیوں کے حقوق پر بہت کم توجہ دی جاتی ہے۔
سومیا نے کہا "میں سمجھ سکتی ہوں کہ آرگنائزر چاہتے ہیں کہ کھلاڑی کسی بھی چیمپئن شپ میں اپنے ملک کی باقاعدہ یونیفارم کے ساتھ ہی ملک کی نمائندگی کریں، لیکن اس طرح سے کسی مذہب سے جڑے کپڑے کو زبردستی پہنانے کا کوئی ضابطہ نہیں ہے۔