نئی دہلی، 7 مئی (یواین آئی) ملک میں کورونا وبا سے بگڑتے حالات کے درمیان منسوخ کئے گئے آئی پی ایل 2021 کے بقیہ مقابلوں کے دوبارہ انعقاد کے وقت اور مقام کے تعلق سے کافی اندازے لگائے جارہے ہیں۔ خبریں یہ ہیں کہ کچھ کاونٹیوں نے آئی پی ایل کے بقیہ 31 میچوں کی میزبانی کے لئے دلچسپی دکھائی ہے، جس سے ٹورنامنٹ کے حقیقی اسٹیک ہولڈرز کے درمیان کھلبلی مچ گئی ہے۔
آئی پی ایل کے اس سیزن کو مکمل کرنے کے لئے انڈین کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) یقیناً ستمبر میں ایک کھڑکی تلاش کررہا ہے، لیکن وہ انعقادکا مقام طے کرنے کی جلدی میں نہیں ہے۔ اس میں بھی کوئی دورائے نہیں ہیں کہ بی سی سی آئی کو آگے چل کر آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) کے ساتھ معاہدہ
کرناہی ہوگا، تاکہ متحدہ عرب امارات (یواے ای) کے تعلق سے دونوں کے درمیان کوئی ٹکراونہ ہو، جوآئی پی ایل اورٹی-20 عالمی کپ دونوں ٹورنامنٹ کے لئے سب سے اچھا ممکنہ انعقادکامقام ہوسکتاہے۔
آئی پی ایل کے انگلینڈ میں منعقدہونے کی خبروں کے تعلق سے فی الحال انگلینڈاینڈویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے حکام نے کوئی مثبت ردعمل نہیں دیا ہے، لیکن انگلینڈ کے ایک کاونٹی کلب ہیمپشائر کے مالک راڈ برانسگرو نے اس پرحیرانی کا اظہارکیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’میں نے اس بارے میں سنا ہے لیکن یقین نہیں کرپارہا ہوں کہ یہ کیسے ہوسکتا ہے۔ موجودہ انتظام کے مطابق یہاں آئی پی ایل کی میزبانی کرنا غیرقانونی ہوگا۔ لندن کے میریلبون کرکٹ کلب نے بھی اس پرکوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔