نئی دہلی/23مارچ(ایجنسی) بی سی سی آئی کی اینٹی کرپشن یونٹ ( اے سی یو ) نے جمعرات کو ٹیم انڈیا کے تیز گیند باز محمد سمیع کو میچ فکسنگ کے معاملہ میں کلین چٹ دیدی ہے ۔ ان کی اہلیہ حسین جہاں نے سمیع پر میچ فکسنگ کے الزامات عائد کئے تھے ۔ کلین چٹ دینے کے ساتھ ہی بی سی سی آئی نے گریڈ بی کنٹریکٹ میں سمیع کو شامل کرلیا ہے۔ اب محمد سمیع آئی پی ایل میچوں کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ بھی کھیل سکیں گے ۔
بی سی سی آئی کے اس فیصلہ پر سمیع کا کہنا ہے کہ ان کو پورا یقین تھا کہ وہ اپنی بے گناہی
ثابت کر لیں گے ۔ ان کے ساتھ کچھ بھی غلط نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں ان کے ساتھ جو کچھ بھی ہوا ، اس کا غصہ وہ اب کھیل کے میدان میں مثبت طریقہ سے اتاریں گے۔
بی سی سی آئی سے کلین چٹ ملنے کے بعد سمیع نے میڈیا سے بات کی ۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر بہت زیادہ دباو تھا ، لیکن بی سی سی آئی سے کلین چٹ ملنے کے بعد اب میں راحت محسوس کررہا ہوں ، میں ملک کے تئیں اپنی وفاداری پر سوال کئے جانے سے دکھی تھا ، لیکن بی سی سی آئی کی جانچ پر مجھے مکمل یقین تھا ، میں میدان میں واپسی کرنے کو لے کر بھی پرجوش ہوں۔