نئی دہلی، 16 دسمبر (یو این آئی) اپوزیشن جماعتوں کے اراکین نے جمعرات کو لوک سبھا میں وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ کیا جس کے بعد پریذائیڈنگ آفیسر بھرتری ہری مہتاب کو ایوان کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کرنے پر مجبور کر دیا ایک بار کے التوا کے بعد کانگریس، ترنمول کانگریس، دراوڑ منیترا کشگم، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی، سماج وادی پارٹی سمیت کئی اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان نعرے لگاتے ہوئے ایوان کے وسط میں آگئے۔ جو ارکان شور مچا رہے تھے وہ پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جس میں ’ مسٹر مشرا استعفیٰ‘
اور ’وزیر اعظم نریندر مودی مسٹر مشرا کا استعفیٰ لیں‘۔
اپوزیشن کے شور شرابے کے درمیان مسٹر مہتاب نے وزارتوں اور پارلیمانی کمیٹیوں سے متعلق اہم کاغذات ایوان کی میز پر رکھے۔
ہنگامہ آرائی کے درمیان ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے وزیر بھوپیندر یادو نے بایو ڈائیورسٹی بل 2021 پیش کیا۔
پریزائیڈنگ آفیسر نے اپوزیشن ارکان کو بار بار اپنی نشستوں پر واپس جانے کی اپیل کی لیکن شور مچانے والے ارکان پر ان کی درخواستوں کا کوئی اثر نہیں ہوا ۔ ایوان میں تعطل کو دیکھتے ہوئے مسٹر مہتاب نے کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کردی۔