نئی دہلی/ کوالالمپور/6جولائی(ایجنسی) ہندوستان کو آج اس وقت زبردست دھچکا لگا جب متنازعہ مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائک کو ہندوستان کے حوالے کرنے کی اس کی درخواست ملائشیائی حکومت نے ٹھکرادی ۔
ملائشیا کے وزیر اعظم مآثر محمد نے آج کہا کہ ڈاکٹر ذاکر نائک کو ہندوستان نہیں بھیجا جائے گا۔
ڈاکٹر نائک اپنے مبینہ نفرت انگیز تقریروں کے ذریعہ نوجوانوں کو دہشت گردانہ سرگرمیوں کی طرف مبینہ طورپرمائل کرنے کے لئے ہندوستان کو مطلوب ہیں۔ڈاکٹر نائک نے 2016 سے ملائشیا میں پناہ لے رکھی ہے ۔ ہندوستانی وزارت خارجہ نے نائک کو ہندوستان کے حوالے کرنے کیلئے جنوری میں باضابطہ درخواست دی تھی۔
ملائشیائی وزیر اعظم نے ہندوستان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے آج کہا کہ ڈاکٹر ذاکر نائک کو ملائشیا کی شہریت حاصل ہے اور جب تک وہ ہمارے ملک کے لئے کوئی پریشانی پیدا نہیں کرتے تب تک ہم انہیں کسی ملک کے حوالے نہیں کریں گے۔ ملائشیائی وزیر اعظم کے اس بیان سے ذاکر نائک کو ہندوستان لانے کی حکومت ہند کی کوششوں کو زبردست دھچکا لگا ہے۔