نئی دہلی، 11 اپریل (یو این آئی) یوتھ کانگریس نے پیر کو پٹرول، ڈیزل اور گیس سلنڈر کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف مرکزی حکومت کے خلاف پوسٹر مہم شروع کی اور حکومت سے پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی قیمتوں کو کم کرنے کا مطالبہ کیا یوتھ کانگریس نے کہا کہ یہ مہم مہنگائی کے خلاف ہے اور اس نے وزارت پٹرولیم کے باہر پوسٹر چسپاں کرکے اس مہم کا آغاز کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی تنظیم نے دہلی اور ملک کے مختلف حصوں میں پوسٹر لگا کر اپنی مہم شروع کر دی ہے۔
یوتھ کانگریس کے صدر سری نواس بی وی نے اس موقع پر کہا کہ پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات ختم ہوتے ہی عوام پر مہنگائی کا بوجھ
مسلسل بڑھ رہا ہے۔ عام آدمی مہنگائی سے دوچار ہے، لیکن حکومت کو عوام کا یہ درد نظر نہیں آرہا ہے، اس لیے عوام کا مودی حکومت سے بھروسہ پوری طرح سے اٹھ چکا ہے۔ حکومت کو سمجھنا چاہیے کہ وہ اپنی ناکامی کا بار بار دوسروں پر الزام نہیں لگا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی جھوٹی بیان بازی کی قیمت عوام ادا کر رہے ہیں۔ انتخابی کنٹرول سے آزاد ہوتے ہی پٹرول، ڈیزل، گیس کی قیمتیں بے لگام ہو گئی ہیں۔ ملک کے عوام کو یہ بات سمجھ نہیں آ رہی کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں تقریباً 26.42 فیصد کمی آئی ہے لیکن ہمارے ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ کیا جا رہا ہے۔