آگرہ 5 مئی (یو این آئی ) وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اپنا کرناٹک کا دورہ بیچ میں ہی چھوڑ کر قدرتی آفات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ضلع آگرہ پہنچے ۔ انہوں نے آج صبح ایس این میڈیکل کالج اور ضلع اسپتال میں داخل کئے گئے زخمیوں سے ملاقات کی اور ان کی خیریت پوچھی ۔
سرکاری ترجمان کے مطابق مسٹر یوگی صبح تقریبا سوا آٹھ بجے سروجنی نائیڈو (ایس این) میڈیکل کالج گئے اور وہاں داخل 21 مریضوں سے باری باری خیریت پوچھی ۔ انہوں نے میڈیکل کالج میں چادر گندہ ملنے پر افسروں کو بھی ڈانٹا
اور پرنسپل ڈاکٹر سروج سنگھ سے تفصیل طلب کی ۔
پرنسپل نے وزیر اعلی کو بتایا کہ یہاں 34 مریض علاج کے لئے داخل کئے گئے تھے۔ ان میں سے اب 21 مریضوں کا سرجری بلڈنگ میں علاج چل رہا ہے ۔ مسٹر یوگی نے یہاں داخل کی گئی 5 ماہ کی بچی دویانشی کو گود میں اٹھایا اور اس سے شفقت کا اظہار کیا ۔ وہ اپنے بھائی کے ساتھ یہاں داخل ہے ۔ اس کے بعد وزیر اعلی نے ضلع اسپتال میں دوسرے طوفان متاثرین سے بھی ملاقات کی اور یہاں موجود افسروں کو زخمیوں کے مناسب علاج کی ہدایت دی ۔
یو این ائی ۔ ع ن