نئی دہلی ، 21 جون (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ کورونا وبا کے خلاف جنگ میں یوگا پوری دنیا کے لئے امید کی کرن بنا ہوا ہے اور ’یوگا سے تعاون تک‘ کا منتر ایک نئے مستقبل کو راہ دکھائے گا ، انسانیت کو مضبوط بنائے گا ۔
مسٹر مودی نے پیر کے روز ساتویں عالمی یوگا ڈے کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا “آج جب پوری دنیا کورونا سے لڑ رہی ہے تو یوگا امید کی ایک کرن بنا ہوا ہے۔ بھلے ہی دو سالوں سے دنیا بھر کے ممالک
اور ہندوستان میں کوئی بڑی عوامی تقاریب کا انعقاد نہیں ہوا ہو لیکن یوگا ڈے کے تیئں جوش و خروش ذرا بھی کم نہیں ہوا ہے۔
بھگود گیتا کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا “گیتا میں کہا گیا ہے کہ غموں سے چھٹکارا اور آزادی کو ہی یوگا کہتے ہیں۔ ہمیں سب کو ساتھ لے کر چلنے والی انسانیت کے اس یوگا سفر کو ایسے ہی آگے بڑھانا ہے چاہے کوئی بھی جگہ ہو،کوئی بھی صورتحال ہو ، ہر عمر کے لئے ہر ایک کے لئے یوگا کے پاس کوئی نہ کوئی حل ضرور ہے‘۔