ذرائع:
دہلی ملک کی 5 ریاستوں میں کل اسمبلی انتخابات تکمیل کوپہنچے اور آج سے ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔ یہ اضافہ 19 کلو کے کمرشل گیس سلنڈر پر ہوا ہے اور اس کی قیمت میں 21 روپئے فی سلنڈر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ آج، یکم دسمبر 2023 سے، آپ کو دارالحکومت دہلی میں کمرشل گیس سلنڈر کے لئے 1796.50 روپئے ادا کرنے ہوں گے، جب کہ گزشتہ ماہ ایل پی جی گیس کی قیمت 1775.50 روپئے فی سلنڈر تھی۔
سبسڈی والے 14.2 کلو گھریلو ایل پی جی کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔ عام ایل پی جی سلنڈر صارفین کو نہ تو کوئی ریلیف ملا ہے اور نہ ہی ان کے گیس سلنڈر کے نرخوں میں کوئی تبدیلی کی گئی ہے۔ تو جانئے آج سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں کتنا اضافہ کیا ہے۔
جانئے آج سے آپ کے شہر میں گیس سلنڈر کی نئی قیمتیں کیا
ہیں۔
دہلی 1796.50 روپئے
کولکتہ 1908.00 روپئے
ممبئی 1749.00 روپئے
چنئی 1968.50 روپئے
گزشتہ ماہ کی پہلی تاریخ یعنی یکم نومبر کو بھی ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 100 روپئے سے زیادہ کا اضافہ کیا گیا تھا۔ ایل پی جی کی یہ قیمتیں 19 کلو کمرشل گیس سلنڈر پر بڑھا دی گئیں۔ ملک میں یکم نومبر کو کروا چوتھ کا تہوار منایا گیا اور اس تہوار کے دن لوگ مہنگائی سے حیران رہ گئے۔ یکم اکتوبر کو ایل پی جی 1731.50 روپئے تھی جب کہ یکم نومبر کو اس کی قیمت 101.50 روپئے مہنگا ہو کر 1833 روپئے فی سلنڈر ہو گئی تھی۔ اس کے بعد 16 نومبر کو کمرشل گیس کی قیمت میں کمی کی گئی اور یہ 57.05 روپئے سستی ہو کر 1775.50 روپئے پر آگئی۔
کمرشل گیس کی قیمت میں اضافے کا اثر فوڈ انڈسٹری اور ریسٹورنٹ کے کاروبار پر زیادہ نظر آئے گا۔ عام لوگوں کے لئے باہر کھانا مزید مہنگا ہونے جا رہا ہے اور ان کے باہر گھومنے پھرنے کا بجٹ مہنگا ہو جائے گا۔