نئی دہلی : لوک سبھا کے 15 دسمبر 2017 سے شروع سرمائی اجلاس کی کارروائی آج غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دی گئی۔ اسپیکر سمترا مہاجن نے وقفہ سوالات مکمل ہونے کے بعد ضروری دستاویزات ایوان میں پیش کرنےکے بعد اس اجلاس میں ہوئے کام کاج کی تفصیلات پیش کیں اور صبح 11:25 بجے ایوان کی کارروائی غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔
قبل ازیں صارفین امور کے وزیر رام ولاس پاسوان نے کنزیومر پروٹیکشن بل 2015 کو واپس لے کر اس کی جگہ
کنزیومر پروٹیکشن بل 2018 پیش کیا۔ اس کے بعد قانون و انصاف کے وزیر مملکت پی پی چودھری نے نئی دہلی بین الاقوامی ثالثی مرکز بل 2018 پیش کیا۔
محترمہ مہاجن نے بتایا کہ 16 ویں لوک سبھا کے 13 ویں سیشن میں کل 13میٹنگیں اور 61 گھنٹے کام ہوا۔اس دوران 16 سرکاری بل پیش کئے گئے اور 12 بلوں کو منظوری دی گئی۔ رکاوٹوں اور اس کے نتائج کی وجہ سے ایوان کے 14 گھنٹے 51 منٹ ضائع ہوئے جبکہ آٹھ گھنٹے 10 منٹ دیر تک بیٹھ کر مختلف اہم معاملات پر بات چیت ہوئی۔