نئی دہلی، 02 فروری (ایجنسی) آل انڈیا مہیلا کانگریس نے حال ہی میں مقرر کی گئیں کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کے سلسلے میں سوشل میڈیا پر جاری قابل اعتراض مہم کی سخت نکتہ چینی کی اور کہا کہ مہیلا کانگریس اس کے خلاف ہر ریاست میں اس سلسلے میں ایف آئی آر درج كرائے گی۔
آل انڈیا مہیلا کانگریس کی صدر سشمیتا دیو نے آج ٹویٹر میں کہا کہ " کانگریس
جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی جی کے خلاف سوشل میڈیا میں منصوبہ بند طریقہ سے قابل اعتراض مہم چلائی جا رہی ہے۔ اس سےپتہ چلتا ہے کہ خواتین کے لئے سیاست میں آنا کتنا مشکل ہے۔
انہوں نے اسے سنگین معاملہ بتایا اور کہا کہ محترمہ واڈرا کے خلاف سوشل میڈیا پر جاری اس مہم کے خلاف چار فروری کو ہر ریاست میں ایف آئی آر درج کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ان کا نہیں ہے بلکہ ا س سلسلے میں مہیلا کانگریس کے عہدیداروں نے فیصلہ کیا ہے۔