نئی دہلی،17جولائی(ایجنسی)مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ملک بھر میں غیر قانونی شہریوں کی پہچان کرکے انچ بہ انچ زمین خالی کرائی جائےگی اور انہیں بین الاقوامی قانون کے مطابق واپس بھیجا جائےگا۔
مسٹر شاہ نے بدھ کو راجیہ سبھا میں ضمنی سوالات کے جواب میں کہاکہ بھارتیہ جنتاپارٹی کے لوک سبھا انتخابات کے منشور اور صدر کے خطاب میں یہ واضح طورپر لکھا ہے کہ ملک بھر سے غیر قانونی شہریوں کی شناخت کرکے انہیں بین الاقوامی قانون کے تحت واپس بھیجا جائےگا۔انہوں نے کہا کہ وہ ایوان میں اس بات کو دہرا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی شہریت رجسٹر(این آر سی)آسام سمجھوتے کا حصہ ہے اور اسے اس سمجھوتے کے مطابق ہی تیار کیا جارہا ہے۔
اس سے پہلے وزیر مملکت برائے داخلہ
نتیانند رائے نے کہا کہ این آر سی کو تیار کرنے میں بےحد احتیاط برتی جارہی ہے ار یہ یقینی بنایا جارہا ہے کہ کسی ہندوستانی شہری کا نام اس سے باہر نہ رہے اور کسی غیرقانونی شخص کا نام اس میں شامل نہ ہوپائے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اس رجسٹر کو 31جولائی تک شائع کرنے کا حکم دیا ہے لیکن 25لاکھ لوگوں نے دستخط کے ساتھ صدر کو درخواست دی ہے کہ اس کی مدت بڑھائی جائے۔اس لئے حکومت سپریم کورٹ سے اس کی مدت میں اضافہ کرنے کی اپیل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ این آر سی کو پوری باریکی سے نافذ کیاجائےگا۔
ایک دیگر سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ روہنگیا طبقے کے لوگ ملک کے مختلف حصوں میں پھیلے ہوئےہیں اور ان میں سے کچھ بنگلہ دیش بھی چلے گئے ہیں اس لئے ابھی حکومت کے پاس ان کی مخصوص تعداد سے متعلق اعدادو شمار نہیں ہیں۔