کوزیکوڈ ، 3 اپریل (یو این آئي) کانگریس کے سینئر لیڈر اور وایناڈ سے ممبر پارلیمنٹ راہل گاندھی نے الزام لگایا ہے کہ کیرالہ میں مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی آئی-ایم) کے تنازعات میں ملوث ہونے کے باوجود وزیر اعظم نریندر مودی پارٹی پر تنقید کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔
انہوں نے یہاں کوئلنڈی سے نزدیک ایک جلسہ عام میں کہا کہ "وزیر اعظم ہمیشہ کانگریس سے آزاد ہندوستان کی بات کرتے ہیں۔ لیکن
انہوں نے کبھی بھی سی پی آئی (ایم) سے پاک ہندوستان کی بات نہیں کی۔ یہ بی جے پی اور لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ (ایل ڈی ایف) کے مابین در پردہ گٹھ جوڑ کا واضح ثبوت ہے"۔
انہوں نے کہا کہ ایل ڈی ایف کی حکومت نے گہرے سمندر میں ماہی گیری سے متعلق امریکی کمپنی سے معاہدہ کرکے ریاست کے ماہی گیروں کو دھوکہ دیا ہے۔ سی پی آئی (ایم) کی زیرقیادت ایل ڈی ایف حکومت نے ماہی گیروں کی پیٹھ پر وار کرنے کا کام کیا ہے۔