نئی دہلی، 27 اگست (یو این آئی) وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے جی ایس ٹی معاوضے کی ادائیگی ریاستوں کو نہ کئے جانے کو موضوع بنانے کے لئے کانگریس کے زیر اقتدار یا حمایت یافتہ ریاستوں کا نام لئے بغیر آج کہا کہ جو لوگ جی ایس ٹی نافذ نہیں کرسکے انہیں اس پر خود احتسابی کی ضرورت ہے محترمہ سیتارمن نے جی ایس ٹی کونسل کے 41 ویں اجلاس کے بعد اس سلسلے میں صحافیوں سے بات چیت میں اس ضمن میں سوال کئے جانے پر کہا کہ پانچ گھنٹے کی اس میٹنگ میں صرف معاوضے کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور تمام ریاستوں کو اپنے خیالات پیش کرنے کا
موقع فراہم کیا گیا۔ سابق وزیر خزانہ ارون جیٹلی کو یاد کرتے ہوئے ، جنھوں نے جی ایس ٹی کے نفاذ میں اہم کردار ادا کیا تھا، انہوں نے کہا کہ مسٹر جیٹلی نے جی ایس ٹی کے نفاذ کے لئے ریاستوں سے مشاورت کی اور تلافی کی کوشش کی وہ قابل تعریف ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ جی ایس ٹی کو نافذ نہیں کرسکے وہ اب اپنے زیر اقتدار ریاستوں کے معاوضے کا معاملہ ایسے وقت میں اٹھا رہے ہیں جب کورونا کی وجہ سے محصول میں زبردست کمی واقع ہوئی ہے۔ اس کی تلافی کے لئے اجلاس میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے اور اس کے لئے متبادل بھی تجویز کیے گئے ہیں۔